ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کمل ہاسن کی ضد برقرار: معافی سے انکار، ’تھگ لائف‘ فلم فی الحال کرناٹک میں ریلیز نہیں ہوگی

کمل ہاسن کی ضد برقرار: معافی سے انکار، ’تھگ لائف‘ فلم فی الحال کرناٹک میں ریلیز نہیں ہوگی

Tue, 03 Jun 2025 20:10:26    S O News

بنگلورو، 3 جون (ایس او نیوز/ایجنسی): تمل ناڈو کے ممتاز اداکار اور سیاست دان کمل ہاسن نے اپنی حالیہ متنازعہ بیان پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”کنڑا زبان تمل سے پیدا ہوئی ہے۔“ اس بیان پر کرناٹک میں شدید ردعمل سامنے آیا، اور ان کی نئی فلم ’تھگ لائف‘ کی ریلیز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

آج کرناٹک ہائی کورٹ میں اس معاملے پر سماعت ہوئی، جہاں کمل ہاسن کے وکیل نے عدالت میں واضح کیا کہ اداکار کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا، اور انہوں نے کنڑا زبان یا اس کی ثقافت کی توہین نہیں کی ہے۔ وکیل نے کہا کہ ”کمل ہاسن کو کنڑا ثقافت سے دلی احترام ہے، اور وہ اس کا ہمیشہ لحاظ رکھتے ہیں۔“

تاہم عدالت نے ان کے اس مؤقف کو اناکا مظاہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ”یہ آپ کی انا ہے، عاجزی نہیں۔“ عدالت نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ اداکار کے بیان نے ریاست میں عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اور سماجی بے چینی پیدا کی ہے۔

کمل ہاسن کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر فلم ’تھگ لائف‘ کو فی الحال کرناٹک میں ریلیز نہیں کیا جائے گا، اور فلم چیمبر سے مشاورت کے بعد ہی آئندہ فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ فلم ریلیز نہیں ہو رہی، اس لیے ابھی کسی سیکورٹی کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ آزادیٔ اظہار رائے کا مطلب یہ نہیں کہ عوامی جذبات کو ٹھیس پہنچائی جائے، اور ایسے بیانات کو ذمہ داری سے پیش کرنا ضروری ہے۔ اب یہ معاملہ 10 جون کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

یہ تنازعہ اس وقت کھڑا ہوا جب چنئی میں فلم ’تھگ لائف‘ کی لانچ تقریب کے دوران کمل ہاسن نے دعویٰ کیا کہ ”کنڑا زبان تمل زبان سے نکلی ہے،“ جسے کرناٹک کے عوام نے اپنی زبان و ثقافت کی توہین کے طور پر لیا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید احتجاج شروع ہوا اور فلم کی ریلیز کو روکنے کی مانگ کی جانے لگی۔


Share: