بیلاری، 6 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) کرناٹک حکومت نے غیر منظم مزدوروں اور گیگ ورکرز کے لیے ایک اہم اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے بیلاری ضلع سے ’آشا دیپ‘ پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے محنت سنتوش ایس لاڈ نے اس خصوصی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے درج فہرست ذات و قبائل سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو روزگار یا تربیت فراہم کرنے والے کاروباری اداروں کو ریاستی محکمہ محنت کی طرف سے دو سال تک ماہانہ 7,000 روپے سبسڈی دی جائے گی۔
یہ اعلان بیلاری میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں غیر منظم مزدوروں کے درمیان اسمارٹ کارڈز کی تقسیم، سرکاری فلاحی اسکیموں سے متعلق آگاہی مہم اور دیگر متعلقہ سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس موقع پر تورنگل کی جے ایس ڈبلیو کمپنی کو 19 لاکھ روپے کا چیک بھی حوالہ کیا گیا۔
وزیر محنت نے مزید کہا کہ حکومت نے آؤٹ سورس ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ضلع کلکٹر کے ذریعے ایک مربوط منصوبہ تیار کیا ہے اور ان کے مفاد کے لیے ایک سوسائٹی قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ریاست کے تمام غیر منظم مزدوروں کی نشاندہی کر کے انہیں سوشل سیکورٹی اور ضروری تحفظ فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر وزیر موصوف نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ ریاستی حکومت پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکس سے حاصل شدہ آمدنی کا کم از کم ایک فیصد غیر منظم مزدوروں کے سماجی تحفظ بورڈ کو منتقل کرے، تاکہ تقریباً 1,500 کروڑ روپے کی رقم براہ راست اسمارٹ کارڈ رکھنے والے مزدوروں کو فائدہ پہنچا سکے۔
سب سے اہم اعلان یہ کیا گیا کہ ای-کامرس اور آن لائن خدمات کے شعبے سے وابستہ گیگ ورکرز کے لیے ’کرناٹک گیگ ورکرز انشورنس اسکیم‘ کے تحت 4 لاکھ روپے کا بیمہ فائدہ دیا جائے گا، جس میں 2 لاکھ روپے حادثاتی انشورنس اور 2 لاکھ روپے لائف انشورنس شامل ہوگا۔
اس موقع پر کرناٹک ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر جے این گنیش، رکن پارلیمان ای تُکارام، کے راج شیکھر، بسوراج ہٹنال سمیت ضلع کے ارکان اسمبلی، دیگر عوامی نمائندے اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔