ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی میں شدید بارش سے تباہی: 16 پل زیر آب، کرشنا اور دودھ گنگا ندیوں میں ڈیم سے لاکھوں کیوسک پانی خارج، کئی علاقوں کا رابطہ منقطع

بیلگاوی میں شدید بارش سے تباہی: 16 پل زیر آب، کرشنا اور دودھ گنگا ندیوں میں ڈیم سے لاکھوں کیوسک پانی خارج، کئی علاقوں کا رابطہ منقطع

Thu, 26 Jun 2025 13:06:34    S O News

بیلگاوی، 25/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)  بدھ کے روز  بیلگاو ی ضلع اور مہاراشٹر کے گھاٹی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ضلع کے 16 پل پانی میں ڈوب گئے۔ شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے موڈلگی تعلقہ کے ارلِکٹی گاؤں میں بجلی کی تار ٹوٹ کر زمین پر گر گئی، جس کی زد میں آکر تین بیل اور ایک گھوڑا کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

مہاراشٹر کے راجاپور بیراج سے کرشنا ندی میں 73,042 کیوسک، کاللّول کے قریب دودھ گنگا ندی میں 19,008 کیوسک، اور کرشنا ندی میں مجموعی طور پر 92,050 کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں خطرے کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

چکّوڈی تعلقہ میں کئی اہم پلوں پر پانی بہہ رہا ہے، جن میں کللّول-یڈور، ملیکاواڑ-دتّوواڑ، نپّانی کے کاردگا-بھوج، بھوجواڈی-کننور، سدّھال-اککول، جتراٹ-چھووشی، ہنّارگی-ممداپور اور کننور-بارواڑ شامل ہیں۔ ان راستوں پر آمد و رفت مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔

ہُکّیری تعلقہ میں ہِرنّیکیشی ندی کے برساتی علاقے میں شدید بارش کے سبب یرنال، سنکیشور، اور دڈی-شیٹّی ہلی-سلامواڑ کے پل بھی زیرِ آب آ گئے ہیں۔ گھٹپربھا ندی بھی پوری گنجائش کے ساتھ بہہ رہی ہے، جب کہ موڈلگی تعلقہ میں آورادی پل ڈوبنے سے موڈلگی اور سُنداھوڑی کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔

خانہ پور تعلقہ کے بھیماگڑ جنگلاتی علاقے میں بھی بارش شدت سے جاری ہے۔ سندھنور-ہیمّڈگا روڈ پر الاتری نالے کا پل اور دیواچیہٹی-جامبوٹی راستے پر واقع دو پلوں پر کئی فٹ پانی بہہ رہا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی نقل و حرکت بند کر دی گئی ہے۔


Share: