ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو بھگدڑ سانحہ: ہائی کورٹ کی سماعت 12 جون کو، حکومت سے سیل بند رپورٹ طلب

بنگلورو بھگدڑ سانحہ: ہائی کورٹ کی سماعت 12 جون کو، حکومت سے سیل بند رپورٹ طلب

Tue, 10 Jun 2025 17:03:19    S O News
بنگلورو بھگدڑ سانحہ: ہائی کورٹ کی سماعت 12 جون کو، حکومت سے سیل بند رپورٹ طلب

بنگلورو، 10 جون (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک ہائی کورٹ نے بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں 4 جون کو پیش آئے بھگدڑ کے دلخراش واقعہ پر از خود نوٹس لیتے ہوئے اگلی سماعت کی تاریخ 12 جون مقرر کی ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت سے معاملے کی پیش رفت پر سیل بند لفافے میں رپورٹ طلب کی ہے۔

یہ واقعہ ایک بڑے عوامی پروگرام کے دوران اس وقت پیش آیا جب اسٹیڈیم میں ہزاروں افراد جمع تھے۔ بدنظمی کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس افسوسناک سانحہ پر عدالت نے 5 جون کو از خود نوٹس لیا تھا۔

پیر کے روز چیف جسٹس (کارگزار) وی کامیشور راؤ اور جسٹس سی ایم جوشی پر مشتمل بینچ کے سامنے سماعت ہوئی۔ ریاست کے ایڈووکیٹ جنرل ششی کیرن شیٹی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک عدالتی کمیشن تشکیل دیا ہے، جسے رپورٹ پیش کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدائی سطح پر بعض پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ششی کیرن شیٹی نے عدالت سے درخواست کی کہ حکومت کو اجازت دی جائے کہ وہ جواب سیل بند لفافے میں داخل کرے، کیونکہ معاملے میں کچھ ضمانت کی درخواستیں زیر التوا ہیں اور خدشہ ہے کہ پولیس کی ابتدائی معلومات کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔

سماعت کے دوران کرناٹک قانون ساز کونسل کے ایک سابق رکن نے بھی فریق بننے کی درخواست دی، جبکہ ایک وکیل نے عوامی مفاد میں درخواست (پی آئی ایل) دائر کرنے کی بات کہی۔

یاد رہے کہ عدالت نے اس سے پہلے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ واقعہ پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے تاکہ ذمہ داروں کی شناخت ہو سکے اور آئندہ اس طرح کے سانحات سے بچنے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔


Share: