ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں عیدالفطر کے موقع پر ایک لاکھ کلو سے زائد فطرہ چاول کی اجتماعی تقسیم

بھٹکل میں عیدالفطر کے موقع پر ایک لاکھ کلو سے زائد فطرہ چاول کی اجتماعی تقسیم

Fri, 03 Apr 2026 19:02:01    S O News
بھٹکل میں عیدالفطر کے موقع پر ایک لاکھ کلو سے زائد فطرہ چاول کی اجتماعی تقسیم

بھٹکل 3/اپریل (ایس او نیوز) : عیدالفطر کے موقع پر بھٹکل میں حسبِ روایت اس سال بھی بڑے پیمانے پر فطرہ چاول جمع کرکے مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔ مرکزی فطرہ کمیٹی بھٹکل کے کنوینر مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی کے مطابق امسال تقریباً ایک لاکھ سات ہزار کلو سے زائد چاول جمع کرکے 2,144 خاندانوں تک پہنچایا گیا، جس کی تقسیم عید کی رات ہی مکمل کرلی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کام مرکزی فطرہ کمیٹی کی نگرانی میں محلہ وار اسپورٹس سینٹروں کے نوجوانوں کے ذریعے انجام دیا گیا، جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں سے فطرہ چاول جمع کیا۔ تقسیم کا دائرہ بھٹکل کے علاوہ کنداپور، شیرور، ہوناور، شراوتی بیلٹ، کمٹہ اور انکولہ تک پھیلا ہوا تھا۔

فطرہ کی تقسیم میں اوسطاً ہر خاندان کو تقریباً 50 کلو چاول فراہم کیا گیا، جبکہ بڑے، نادار اور معذور افراد پر مشتمل خاندانوں کو زیادہ مقدار، حتیٰ کہ ایک کوئنٹل تک چاول دیا گیا۔ مزید برآں، مسلسل پانچویں سال ہر خاندان کو 5 کلو باسمتی چاول بھی فراہم کیا گیا، جس کی مجموعی مقدار 10,700 کلو سے زائد رہی۔

مولانا الیاس نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اس خدمت کے دائرے کو مزید وسعت دی گئی ہے، جس کے تحت شراوتی بیلٹ کے گیرسوپا، ہیرانگڈی، سڑلگی اور دیگر اطرافی علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ جن خاندانوں میں اُبلے ہوئے چاول (بوئیلڈ رائس) استعمال نہیں ہوتے، انہیں سونا مسوری چاول فراہم کیا گیا۔

امسال بہتر نظم و ضبط کے لیے 55 حلقے قائم کیے گئے تھے، جہاں مختلف محلوں سے جمع شدہ چاول کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس سے قبل مستحقین کی نشاندہی کے لیے ازسرِ نو سروے بھی کیا گیا، جس کے نتیجے میں 102 خاندان کم ہوئے اور امداد کی زیادہ منظم تقسیم ممکن ہوئی۔

یہ اجتماعی فطرہ تقسیم کا سلسلہ بھٹکل میں گزشتہ 41 برسوں سے مسلسل جاری ہے اور ہر سال اس میں وسعت اور بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس کارِ خیر میں خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل کے افراد، مقامی تنظیموں، اسپورٹس سینٹروں کے نوجوانوں اور علماء کی بھرپور معاونت شامل رہی۔

اس سال انتظامات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے رمضان المبارک کے دوران فطرہ کمیٹی کے دو مشاورتی اجلاس منعقد کیے گئے۔ بعد ازاں، 8 شوال 1447ھ مطابق 28 مارچ 2026 کو الہلال ایسوسی ایشن، مخدوم کالونی میں ایک جائزہ اجلاس اور عید ملن پروگرام بھی منعقد ہوا، جس میں مختلف دینی، تعلیمی اور سماجی اداروں کے ذمہ داران، عمائدین شہر اور علماء نے شرکت کی۔

قابلِ ذکر ہے کہ جہاں عیدالفطر کی خوشیوں کے ساتھ بازاروں میں رونق بڑھ جاتی ہے، وہیں بھٹکل میں نوجوان رضاکار اسی وقت فطرہ جمع کرنے اور اسے مستحقین تک پہنچانے میں مصروف ہوجاتے ہیں، جو اس شہر کی ایک منفرد اور قابلِ تقلید روایت ہے۔


Share: