بیدر، 7 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ضلع بیدر کی ڈپٹی کمشنر محترمہ شلپا شرما نے کہا ہے کہ خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش طبقات کی فلاح و بہبود ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ضلع کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ ان طبقات کو بنیادی سہولیات جیسے رہائش، شناختی دستاویزات اور سرکاری اسکیموں کے فوائد جلد از جلد مہیا کرائے جائیں، اور اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔
محترمہ شلپا شرما بیدر میں منعقدہ خانہ بدوش و نیم خانہ بدوش طبقات کی مشاورتی کمیٹی اور ترقیاتی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ طبقات دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کے زمرے میں آتے ہیں، اس لیے انہیں آدھار کارڈ، راشن کارڈ، ذات و آمدنی کے سرٹیفکیٹس، اور بینک قرض جیسی سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ رہائش کے لیے موزوں مقامات کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے جامع سروے مکمل کیا جائے تاکہ ان طبقات کو مستقل اور محفوظ رہائش فراہم کی جا سکے۔ اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ بیدر شہر میں "جی+3" اسکیم کے تحت 90 خانہ بدوش افراد کو مکانات الاٹ کیے جائیں گے، جبکہ اوراد علاقے میں 200 خاندانوں کے لیے رہائشی سہولت مہیا کرنے کے مقصد سے 2 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔
محترمہ شلپا شرما نے اوراد کے تحصیلدار کو ہدایت دی کہ اگر موجودہ زمین ناکافی ہو تو فوری طور پر متبادل زمین کی نشاندہی کی جائے، تاکہ مکانات کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
اجلاس میں ضلع اور تعلقہ سطح کے متعدد سرکاری افسران نے شرکت کی اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ خانہ بدوش طبقات کی فلاحی اسکیموں کو مؤثر طریقے سے نافذ کر کے ان کی زندگی میں بہتری لائی جائے۔