ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے وزیر کو نہیں ملی امریکی دورہ کی منظوری؛ وزیر پریانک کھرگے نے مرکز سے وضاحت طلب کرنے کا کیا اعلان

کرناٹک کے وزیر کو نہیں ملی امریکی دورہ کی منظوری؛ وزیر پریانک کھرگے نے مرکز سے وضاحت طلب کرنے کا کیا اعلان

Wed, 18 Jun 2025 12:25:07    S O News
کرناٹک کے وزیر  کو نہیں ملی امریکی  دورہ  کی منظوری؛  وزیر پریانک کھرگے نے مرکز سے وضاحت طلب کرنے کا کیا  اعلان

بنگلورو ، 18 جون (ایس او نیوز / ایجنسی)  کرناٹک کے وزیر برائے آئی ٹی و بایوٹکنالوجی پریانک کھرگے کو امریکہ کے مجوزہ سرکاری دورے کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے منظوری نہ ملنے کے بعد پیرس میں موجود  انہوں نے کہا  کہ فی الحال وہ اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے، لیکن وطن واپسی پر وہ حکومتِ ہند سے اس فیصلے کی مکمل وضاحت طلب کریں گے۔

پریانک کھرگے، جو کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کے صاحبزادے بھی ہیں، نے اس سلسلے میں ایک بیان سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کرتے ہوئے کہا:"فی الحال میں اس مسئلے پر کوئی عوامی بیان نہیں دے رہا ہوں۔ جیسے ہی میں بنگلورو واپس پہنچوں گا، حکومتِ ہند سے اس انکار کی واضح وجہ معلوم کروں گا۔"

وزیر پریانک کھرگے کو بوسٹن میں ہونے والے BIO 2025 انٹرنیشنل کنونشن اور سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والے ڈیزائن آٹومیشن کانفرنس میں ریاستی وفد کی قیادت کرنی تھی۔ ان دونوں عالمی سطح کے ایونٹس میں شرکت کرنا کرناٹک کے لیے اہم سمجھا جا رہا تھا، کیونکہ بنگلورو آئی ٹی اور بایوٹکنالوجی کا مرکز مانا جاتا ہے۔

پریانک کھرگے فی الحال پیرس میں ہیں،  جہاں انہوں نے ایک کانفرنس اور ایرو شو میں شرکت کی۔ اسی دورے سے وہ امریکی پروگراموں کے لیے روانہ ہونے والے تھے، مگر امریکہ جانے کے لیے مطلوبہ کلیرنس وقت پر نہیں ملا، جس کے بعد اب وہ براہ راست ہندوستان واپس آنے والے ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ "ڈیزائن آٹومیشن کانفرنس" خود کو "چِپ سے لے کر سسٹمز تک کا عالمی ایونٹ" قرار دیتی ہے، اور کرناٹک کی آئی ٹی صنعت کے فروغ میں اس کی اہمیت مانی جاتی ہے۔ دوسری طرف "BIO انٹرنیشنل کنونشن" بایوٹیکنالوجی کے شعبے کا ایک نمایاں عالمی پلیٹ فارم ہے جس میں دنیا بھر سے 20 ہزار سے زائد صنعت کے رہنما شرکت کرتے ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ حکومت ہند کی طرف سے منظوری نہ دینے کی اصل وجہ کیا تھی، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ مستقبل میں مرکز اور ریاست کے درمیان ایک نیا سیاسی تنازعہ بن سکتا ہے، کیونکہ ریاست میں فی الوقت کانگریس کی حکومت ہے جبکہ مرکز میں بی جے پی برسراقتدار ہے۔


Share: