ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / چکمگلور میں موسلا دھار بارش: درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے عام زندگی متاثر

چکمگلور میں موسلا دھار بارش: درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے عام زندگی متاثر

Sun, 15 Jun 2025 20:07:10    S O News

چکمگلورو،15/  جون (ایس او نیوز) : کرناٹک کے چکمگلور وضلع میں مانسون کی بارش زور پکڑ چکی ہے۔ خاص طور پر ملناڈ علاقوں میں ہفتہ کی رات سے جاری موسلا دھار بارش نے زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ کئی مقامات پر بھاری بارش کے باعث زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈ) کے واقعات پیش آئے ہیں، جبکہ درخت اور بجلی کے کھمبے زمین بوس ہو گئے ہیں۔

ضلع کے کلّسا، موڈیگیرے، شنگیری اور کوپپ تعلقہ جات میں مسلسل بارش سے تُنگا، بھدرا اور ہیماؤتی ندیوں میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے۔

شنگیری تعلقہ کے نمّارو گاؤں میں ہفتہ کی آدھی رات کو ایک پہاڑی کا ملبہ قومی شاہراہ پر گر گیا، جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوئی۔ مقامی پولیس، فائر بریگیڈ اور رہائشیوں کی فوری کارروائی سے سڑک سے ملبہ ہٹا کر آمدورفت بحال کر دی گئی۔ عارضی طور پر شنگیری سے دکشن کنڑا اور اُڈپی کی طرف جانے والے گاڑیوں کو آگونبے روٹ پر منتقل کیا گیا۔

اتوار کے دن صبح کے وقت بھی بارش کا سلسلہ تیز رہا، تاہم دوپہر کے وقت کچھ وقفہ آیا، مگر شام کو دوبارہ بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ چکمگلور شہر اور اطراف میں بھی اتوار کی صبح شدید بارش ہوئی، جس سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔

موڈیگیرے تعلقہ میں چارمڈی گھاٹ ہائی وے کے علاقوں میں بھی زبردست بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تیز بارش کے باعث کئی دیہات میں درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، اور کچھ علاقوں میں مکمل طور پر بجلی منقطع ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ملناڈ کے علاقوں میں آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


Share: