ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ہنسور : مویشیوں کے تحفظ کے نام پر رقم اینٹھنے کا الزام - ہندوتوا تنظیم کے 7 اراکین گرفتار

ہنسور : مویشیوں کے تحفظ کے نام پر رقم اینٹھنے کا الزام - ہندوتوا تنظیم کے 7 اراکین گرفتار

Mon, 30 Jun 2025 11:38:59    S O News

ہنسور ،30/ جون (ایس او نیوز) ہنسور تعلقہ کے کٹے مللواڈی نامی مقام پر مویشیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جارہی موٹر گاڑیوں کو ہندوتوا وادی تنظیم کے بینر کے ساتھ مویشیوں کے تحفظ کے نام پر روکتے ہوئے رقم اینٹھنے والے گروہ کے 7 اراکین کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔
    
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت ہندو راشٹر رکھشنا ویدیکے کے قومی صدر بینگلورو اتر ہلّی کے رہنے والے رام کرشنا اور بینگلورو کے مختلف علاقوں کے رہنے والے شیو کمار، لنگا راجو، کشور، پریم کمار، پشپ لتا کے علاوہ کے آر پیٹ تعلقہ مارگوڈنہلّی کے رہنے والے سوامی کے طور پر کی گئی ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہنسور تعلقہ کے رتن پوری کے رہنے والے کرن نے سالی گرام تعلقہ کے چنچن  کٹّے میں لگے  ہفتہ واری بازار سے تین مویشی خریدے تھے ۔ جب وہ اپنی گاڑی میں مویشی رفت کر رہا تھا تو ملزمین نے اس کا پیچھا کرتے ہوئے گاڑی روکی اور کرن پر مویشی قصائی خانے میں پہنچانے کے لئے رفت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس سے 25 ہزار روپے رقم طلب کی ۔
    
کرن نے مویشی پالن کے مقصد سے جانور لے جانے کی بات بتانے پر بھی ملزمین نہیں مانے اور اس سے  20 ہزار روپے کا مطالبہ کیا اور دھمکیاں دینے لگے ۔
    
ہنگامہ ہوتا دیکھ کر مقامی لوگ موقع پر جمع ہوگئے ۔ جب رقم اینٹھنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا تو وہاں موجود افراد ملزمین کے خلاف کھڑے ہوگئے  اور 112 نمبر پر پولیس کو اطلاع دی گئی ۔ اس کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور ملزمین کو تحویل میں لے کر تفتیش کی تو مویشیوں کے تحفظ نام پر ہندوتوا وادی تنظیم کے بینر تلے رقم وصولی کا پورا معاملہ صاف ہوگیا ۔
    
اس تعلق کرن کی طرف سے درج کی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کیس درج کیا اور ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔
    
پتہ چلا ہے کہ یہی گروہ ہندوتوا وادی تنظیم کے نام سے کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر لوگوں سے رقم اینٹھنے کا دھندہ چلا رہا ہے ۔ اس سے پہلے کے آر نگر میں ایک گیس ڈیلر کو بھی دھمکا کر انہوں نے 20 ہزار روپے وصول کیے تھے ۔ دو سال قبل چامراج نگر میں  اور بینگلورو میں بھی ان کے خلاف کیس درج ہوئے ہیں ۔ 
    
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین نے اپنی سرگرمیوں کے لئے جس کار کا استعمال کیا تھا اس کے اندر ہندو راشٹرا رکھشنا پڈے کا بورڈ بھی موجود تھا ۔ اس کے علاوہ جے کے 24x7 کنڑا نیوز چینل کا اسٹیکر بھی استعمال کیا گیا تھا ۔ اس قسم کے بورڈ اور نیوز چینل کے اسٹیکر کے ساتھ یہ لوگ رقم اینٹھنے کا دھندہ چلانے میں مشغول تھے ۔ 
    
ایڈیشنل ایس پی ملّک نے پولیس اسٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے ملزمین سے تفتیش کی ۔ اس موقع پر ڈی وائی ایس پی گوپال کرشنا اور انسپکٹر منی اپّا موجود تھے ۔ 


Share: