ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پسماندہ طبقات کی اسکیموں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ذمہ دار افسروں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے: وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر مہادیوپا

پسماندہ طبقات کی اسکیموں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ذمہ دار افسروں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے: وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر مہادیوپا

Thu, 10 Jul 2025 12:35:07    S O News

بنگلورو، 10 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک کے وزیر سماجی بہبود ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپا نے ریاست کے تمام محکموں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پسماندہ طبقات کے لیے مخصوص اسکیموں—ایس سی ایس پی (SCSP) اور ٹی ایس پی (TSP)—کے نفاذ میں کسی بھی طرح کی لاپروائی یا خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر کسی افسر نے ان اسکیموں کی روح کے خلاف کام کیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر موصوف آج ودھان سودھا میں سال 2025-26 کے ایکشن پلان سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کھلے الفاظ میں کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں، اس کے باوجود کچھ محکمے ان اہم فلاحی اسکیموں کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے میں ناکام رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک اور قابل تشویش امر ہے۔

ڈاکٹر مہادیوپا نے زراعت، آبپاشی، رہائش، صنعت، توانائی، دیہی ترقی، پنچایت راج، اعلیٰ تعلیم، خواتین و اطفال بہبود سمیت 34 محکموں کو ہدایت دی کہ وہ پسماندہ طبقات کے لیے مختص فنڈز کے استعمال اور فوائد کی شفاف رپورٹ فوری طور پر پیش کریں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی گارنٹی اسکیموں سے درج فہرست ذاتوں، خصوصاً خواتین کی زندگی میں جو بہتری آئی ہے، اس کی مفصل رپورٹ بھی متعلقہ محکمے فراہم کریں تاکہ ان اسکیموں کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ سابق دیوداسی خواتین اور ان کے خاندانوں کو تعلیم، صحت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے حکومت نے 54 لاکھ اور 16 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دی ہے۔

وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ درج فہرست ذاتوں کے ہاسٹل اور اسکولوں کے بجلی بلوں کی ادائیگی محکمہ توانائی کی طرف سے کی جائے گی تاکہ ان اداروں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔ مزید برآں، جی کے وی کے زرعی یونیورسٹی میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ریسرچ سینٹر قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ زرعی شعبے میں امبیڈکر کے وژن کو فروغ دیا جا سکے۔

دیہی علاقوں میں رہنے والے پسماندہ طبقات کو زمین فراہم کر کے رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے محکمہ کنڑا و ثقافت پر زور دیا کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے افکار کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

اجلاس میں وزیر تعمیرات عامہ ستیش جارکی ہولی اور سماجی بہبود کے مشیر وینکٹیا بھی شریک تھے، جنہوں نے متعلقہ امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز پیش کیں۔


Share: