ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ایران-اسرائیل کشیدگی: کرناٹک کے طلبہ کی سلامتی پر تشویش، حکومت نے وزارت خارجہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

ایران-اسرائیل کشیدگی: کرناٹک کے طلبہ کی سلامتی پر تشویش، حکومت نے وزارت خارجہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ

Thu, 19 Jun 2025 11:53:52    S O News

بنگلورو، 19 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے دنیا بھر میں موجود غیر مقیم ہندوستانیوں (این آر آئیز) کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، خصوصاً ایران میں مقیم کرناٹک کے طلبہ، زائرین اور ملازمین کے اہل خانہ شدید فکر و تشویش میں مبتلا ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بنگلورو اور چکبلّاپور ضلع کے گوری بیدنور تعلقہ کے علی پور گاؤں سمیت کرناٹک کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے درجنوں طلبہ اور پیشہ ور افراد ایران کے دارالحکومت تہران اور آس پاس کے علاقوں میں تعلیم، مذہب اور روزگار کے مقاصد کے لیے مقیم ہیں۔ ایران میں بگڑتے حالات کے پیش نظر ان کے والدین و رشتہ داروں نے مسلسل این آر آئی سیل بنگلورو سے رابطہ کرتے ہوئے اپنے عزیزوں کی سلامتی پر تشویش ظاہر کی ہے۔

اس سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے کرناٹک حکومت کے این آر آئی سیل کی نائب صدر ڈاکٹر آرتی کرشنا نے وزارت خارجہ حکومت ہند اور تہران میں ہندوستانی سفارت خانے سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایک مکتوب کے ذریعے مطالبہ کیا کہ ایران میں مقیم تمام ہندوستانی شہریوں، بالخصوص طلبہ کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور جلد از جلد انہیں وطن واپس لانے کے اقدامات کیے جائیں۔

وزارت خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اب تک 5000 سے زائد ہندوستانی شہریوں کو ایران میں قریبی محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ حکومت ہند نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر حالات مزید خراب ہوتے ہیں تو ایران میں مقیم افراد کو قریبی سرحدی ممالک کے راستے ہندوستان واپس لانے کا جامع منصوبہ تیار ہے۔

اس کے ساتھ ہی، اسرائیل میں موجود کرناٹک کے باشندوں کی فہرست بھی مرتب کی جا رہی ہے تاکہ ان کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ مرکزی وزارت خارجہ اور اسرائیل و ایران میں قائم ہندوستانی سفارت خانے مسلسل رابطے میں ہیں۔

کرناٹک حکومت کا این آر آئی سیل اس تمام معاملے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاست سے تعلق رکھنے والے تمام شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی حکومت اور سفارتی مشنوں سے مسلسل تعاون حاصل کر رہا ہے۔


Share: