ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جناردھن ریڈی کو بڑی راحت، غیر قانونی کانکنی کیس میں سزا منسوخ، اسمبلی رکنیت بحال

جناردھن ریڈی کو بڑی راحت، غیر قانونی کانکنی کیس میں سزا منسوخ، اسمبلی رکنیت بحال

Thu, 19 Jun 2025 17:08:17    S O News

بنگلورو، 19 جون (ایس او نیوز/ ایجنسی)غیر قانونی کانکنی کے ایک اہم مقدمے میں سابق وزیر و بی جے پی لیڈر جناردھن ریڈی کو بڑی راحت ملی ہے، جہاں تلنگانہ ہائی کورٹ نے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سات سال قید کی سزا کو منسوخ کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ان کی کرناٹک اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔

جناردھن ریڈی نے گنگاوتی اسمبلی حلقے سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم، حیدرآباد کی سی بی آئی عدالت نے انہیں غیر قانونی کانکنی کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے سات سال کی قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے بعد اسمبلی سکریٹری ایم کے وشالاکشی نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے انہیں 6 مئی سے نااہل قرار دے دیا تھا، اور کہا گیا تھا کہ یہ نااہلی آئندہ چھ برس تک برقرار رہے گی، جس کے سبب اسمبلی کی وہ نشست خالی تصور کی گئی تھی۔

یہ مقدمہ کرناٹک اور آندھرا پردیش کی سرحدی علاقوں میں ہونے والی غیر قانونی کانکنی سے متعلق ہے، جس میں جناردھن ریڈی دوسرے ملزم تھے۔ اس کیس میں کل تین افراد کو سزا سنائی گئی تھی۔

اب تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے سزا کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد، جناردھن ریڈی کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔ اسمبلی سکریٹری نے تصدیق کی ہے کہ ہائی کورٹ کے آئندہ احکامات کی روشنی میں مزید قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ نہ صرف جناردھن ریڈی بلکہ بی جے پی کے لیے بھی ایک بڑی قانونی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


Share: