بینگلورو،12 جون (ایس او نیوز) : کرناٹک ہائی کورٹ نے 12 جون 2025 کو بینگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر پیش آئے بھگدڑ واقعہ کے سلسلے میں گرفتار رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے مارکیٹنگ ہیڈ نکھل سوسالے سمیت ڈی این اے انٹرٹینمنٹ نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ کے تین دیگر اہلکاروں کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔ جسٹس ایس آر کرشنا کمار کی صدارت والی سنگل بینچ نے حکم دیا کہ تمام ملزمان اپنے پاسپورٹس عدالت میں جمع کرائیں۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ابھی تک کوئی ایسا ثبوت پیش نہیں کیا گیا جو ان افراد کو براہ راست اس واقعے میں ملوث ظاہر کرے۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ ایف آئی آر میں صرف اداروں کا ذکر کیا گیا ہے اور انفرادی طور پر ملزمان کی ذمہ داری ثابت نہیں کی جا سکی، لہٰذا صرف اداروں کی جانب سے ہوئی مبینہ کوتاہی کی بنیاد پر ان افراد کو حراست میں رکھنا مناسب نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 4 جون کو چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر آر سی بی کی فتح کا جشن منانے کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، جس میں 11 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد نکھل سوسالے اور ڈی این اے انٹرٹینمنٹ کے تین اہلکاروں کو 6 جون کو گرفتار کیا گیا تھا۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ تمام ملزمان تفتیشی عمل میں مکمل تعاون کریں اور اگر ضرورت پڑے تو تفتیشی ایجنسیوں کے سامنے پیش ہوں۔ عدالت میں حکومت کی جانب سے ایک سیل بند رپورٹ بھی پیش کی گئی، تاکہ عدالتی کمیشن کی جانچ متاثر نہ ہو۔