ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / عدالت کی ناراضگی: معافی کے دوران ریلی کیوں نکالی؟ روی کمار پر کرناٹک ہائی کورٹ کا سخت ردعمل

عدالت کی ناراضگی: معافی کے دوران ریلی کیوں نکالی؟ روی کمار پر کرناٹک ہائی کورٹ کا سخت ردعمل

Mon, 23 Jun 2025 11:24:02    S O News

بنگلورو، 23 جون (ایس او نیوز/ایجنسی)کرناٹک ہائی کورٹ نے بی جے پی کے رکن کونسل این۔ روی کمار کے اُس طرزِ عمل پر برہمی کا اظہار کیا ہے، جس میں انہوں نے گلبرگہ کی ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنم سے معافی مانگنے کے دوران ایک جلوس نکالا۔ عدالت نے سخت لہجے میں سوال کیا کہ جب مقصد معافی مانگنا تھا تو ریلی نکالنے کی کیا ضرورت تھی؟

یہ تبصرہ جسٹس ایس۔ آر۔ کرشن کمار کی قیادت والی سنگل بنچ نے اُس وقت کیا جب روی کمار کی طرف سے گلبرگہ کے اسٹیشن بازار پولیس تھانے میں درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کے لیے دائر رِٹ عرضی پر سماعت ہو رہی تھی۔

روی کمار کے وکیل ایم۔ ونود کمار نے عدالت کو بتایا کہ اُن کے مؤکل نے عدالتی ہدایت کے مطابق ڈپٹی کمشنر سے شخصی ملاقات کی اور معافی بھی مانگ لی۔ تاہم، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ معافی کے نام پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو سیاسی نوعیت کی تھی اور اس کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔ وکیل دفاع نے ریلی نکالنے کی تردید کی، مگر استغاثہ نے ویڈیو ثبوت کا حوالہ دیتے ہوئے اس دعویٰ کو مسترد کیا۔

عدالت نے روی کمار کے رویے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب صرف معذرت پیش کرنا مقصود تھا تو اس کے ساتھ ریلی کیوں نکالی گئی؟ عدالت نے اس عمل کو غیرضروری اور عدالتی ہدایت کی روح کے منافی قرار دیا۔

سماعت کے اختتام پر عدالت نے روی کمار کے خلاف زبردستی کی کسی بھی کارروائی پر عبوری روک برقرار رکھتے ہوئے، شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ روی کمار کو اس کیس میں نچلی عدالت کی طرف سے پہلے ہی عبوری ضمانت دی جا چکی ہے۔


Share: