بینگلورو، 8 / جولائی (ایس او نیوز) ریاستی وزیر صحت دنیش گنڈو راو نے کہا کہ اچانک موت کا سبب بننے والے بعض امراض کو "نوٹیفائڈ ڈیسیزس" کے زمرے میں رکھا جائے گا (جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ایسے امراض اور اس سے ہونے والی موت کی خبر قانونی طور پر سرکاری حکام اور محکمہ صحت کے افسران کو دینا ضروری ہے تا کہ وہ ان امراض سے پیدا ہونے والی صورتحال پر نظر رکھ سکیں اور ان کی روک تھام کے لئے اقدامات کر سکیں) اور اسکولوں میں پندرہ سال تک کے بچوں کے لئے دل سے متعلقہ جانچ کو لازمی کر دیا جائے گا ۔
وزیر صحت دنیش گنڈو راو نے ودھان سودھا کے اندر اپنے کمرے میں جئے دیوا دل کے امراض کے اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رویندرا ناتھ کی قیادت میں تشکیل شدہ ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹ قبول کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ اسکولوں میں طلبہ کے دلوں کی جانچ سے بچپن میں ہی دل کی صحت اور اس سے متعلقہ درپیش مسائل کو سمجھنے اور ضروری علاج و معالجہ کروانے میں آسانی ہوگی ۔ دل کے دورے اور غیر وبائی امراض سے متعلق بیداری پیدا کرنے والے اسباق آئندہ تعلیمی سال سے نصاب میں شامل کیے جائیں گے ۔ امسال مورل ایجوکیشن کے دوران اس طرح کی بیداری لانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنس اور بس اسٹینڈس جیسے عوامی مقامات پر آٹومیٹیڈ ایکسٹرنل ڈی فائبریلیٹرس [یہ ایک خودکار پورٹیبل مشین ہوتی ہے جو دل کی دھڑکنوں کو جانچتی ہے اور دل دورہ پڑنے کی صورت میں ضرورت ہونے پر دھڑکنوں کو قابو میں کرنے کے لئے 'الیکٹرک شاک' دیتی ہے] مہیا کروائے جائیں گے ۔
وزیر صحت نے بتایا کہ سرکاری ملازمین اور ٹھیکیداروں کے لئے سال میں ایک مرتبہ صحت کی جانچ کروانا لازمی کیا جائے گا ۔ اسی طرح نجی کمپنی کے اہلکاروں کے لئے بھی سالانہ ہیلتھ چیک اپ کو لازمی کیا جائے گا۔
وزیر صحت نے بتایا کہ اچانک موت واقع ہونے کی صورت میں لازمی طور پر پوسٹ مارٹم کیا جانا چاہیے تاکہ موت کے اصل سبب کا پتہ چل سکے اور اسی مناسبت سے آئندہ کے لئے اقدامات کیے جا سکیں ۔
انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ فی الحال ریاست کے 86 اسپتالوں میں جو "پونیت راجکمار وجئے جیوتی اسکیم" چل رہی ہے اسے اب ریاست کے تمام تعلقہ اسپتالوں میں جاری کیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اچانک کے دل کے دوروں سے متعلقہ اسباب کی جانچ کرنے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں موجودہ زمانے میں لوگوں کے طرز زندگی کو بھی دل کے دوروں کا ایک سبب بتایا ہے اور بین الاقوامی رپورٹس سے بھی اس بات کی تائید ہوتی ہے ۔ اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہونے والی اموات کے معاملوں کو سنجیدگی سے لینے والی ریاستی حکومت نے ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کچھ اہم فیصلے کیے ہیں جس کا نوٹی فکیشن جلد ہی جاری کیا جائے گا ۔