ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے مختلف اضلاع میں ڈی سی کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو میمورنڈم؛ وقف ترمیمی قانون کے خلاف بورڈ کی تحریک تیز

کرناٹک کے مختلف اضلاع میں ڈی سی کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو میمورنڈم؛ وقف ترمیمی قانون کے خلاف بورڈ کی تحریک تیز

Mon, 16 Jun 2025 22:49:19    S O News
کرناٹک کے مختلف اضلاع میں ڈی سی کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو میمورنڈم؛ وقف ترمیمی قانون کے خلاف  بورڈ کی  تحریک تیز

بنگلور، 16/ جون (ایس او نیوز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے وقف بچاؤ، دستور بچاؤ تحریک کے تحت ریاست کرناٹک کے مختلف اضلاع میں مسلمانوں کی ملی، سماجی و مذہبی تنظیموں کے ذمہ داران اور نمائندہ شخصیات نے متحد ہوکر وقف ترمیمی قانون 2025 کے خلاف ایک مضبوط عوامی موقف اختیار کیا اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے ملاقاتیں کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند کے نام  میمورنڈم پیش کیا گیا، جس میں اس قانون کو دستورِ ہند کے خلاف، اقلیتوں کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی اور وقف املاک پر براہ راست مداخلت قرار دیتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں بنگلور میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے وقف بچاؤ، دستور بچاؤ تحریک کے کرناٹک کے ذمہ داران بالخصوص اس تحریک کی نگرانی میں ریاست بھر میں ڈی سی کو میمورنڈم دینے کیلئے بنائی گئی ذیلی کمیٹی کے  کنوینر محمد یوسف کنی نے واضح کیا کہ وقف ترمیمی قانون 2025، 1995 کے اصل وقف ایکٹ، اقلیتوں کے آئینی و بنیادی حقوق اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیارات کی صریح خلاف ورزی پر مبنی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اس بات کابھی ذکر کیا کہ ریاست کرناٹک کی سول سوسائٹیز، برادران وطن کی تنظیموں، مذہبی رہنماؤں اور اہم شخصیات کا ایک اجلاس 23/ جون کو ایل ایچ، بنگلور میں منعقد ہوگا، اس میں وقف ایکٹ 2025کی مخالفت کی بنیادی وجوہات اور برادران وطن کی غلط فہمیوں کے ازالہ کی کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر معاون کنوینر سید شفیع اللہ سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
 


Share: