ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: جے شری رام نہ بولنے پر رکشا ڈرائیور وسیم احمد پر 8 افراد کا حملہ

بنگلورو: جے شری رام نہ بولنے پر رکشا ڈرائیور وسیم احمد پر 8 افراد کا حملہ

Wed, 25 Jun 2025 18:23:56    S O News
بنگلورو: جے شری رام نہ بولنے پر رکشا ڈرائیور وسیم احمد پر 8 افراد کا حملہ

بنگلورو، 25 جون (ایس او نیوز / ایجنسی)بنگلورو میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک 35 سالہ مسلم رکشا ڈرائیور وسیم احمد پر مبینہ طور پر جے شری رام کا نعرہ نہ لگانے کی وجہ سے حملہ کیا گیا۔ معروف انگریزی روزنامہ دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، وسیم احمد نے الزام لگایا ہے کہ 8 افراد نے انہیں محض اس بات پر نشانہ بنایا کہ انہوں نے ہندوتوا نعرہ لگانے سے انکار کر دیا۔

واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب وسیم احمد اور ان کا دوست سمیر رکشے میں سفر کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہیگڈے نگر کے قریب انہیں روک کر ان کی شناخت پوچھی گئی، اور جب انہوں نے جواب دینے سے گریز کیا تو حملہ آوروں کو ان کے مسلمان ہونے کا شبہ ہوا، جس کے بعد ان پر حملہ کر دیا گیا۔

وسیم احمد کے مطابق، ان سے نعرہ لگانے پر زور دیا گیا، اور انکار کرنے پر ان پر لاتوں اور گھونسوں سے حملہ کیا گیا۔ اس حملے کے دوران ان کے دوست سمیر موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی حالت میں وسیم احمد نے سمپی گیہلی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی، جس کے بعد پولیس نے انہیں طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے معاملے میں مجرمانہ دھمکی، امن کی خلاف ورزی، حملہ، اور غیرقانونی حراست کی دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے۔ اسپتال میں درج کیے گئے میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق، وسیم کو اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور ان کے دائیں کان کی سماعت بھی متاثر ہوئی ہے۔

ڈی سی پی سجیت وی جے نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ وسیم کی شکایت میں نعرے سے متعلق کوئی خاص ذکر نہیں ہے، تاہم وسیم نے دی ہندو کو دیے گئے بیان میں واضح طور پر کہا ہے کہ حملہ اس لیے ہوا کیونکہ انہوں نے "جے شری رام" کا نعرہ لگانے سے انکار کیا تھا۔


Share: