ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / میسور ودسہرہ کو عظمت و عوام دوستی کا امتزاج بنایا جائے: وزیر اعلیٰ سدارامیا کی ہدایت

میسور ودسہرہ کو عظمت و عوام دوستی کا امتزاج بنایا جائے: وزیر اعلیٰ سدارامیا کی ہدایت

Sat, 28 Jun 2025 18:05:23    S O News

بنگلورو، 28 جون (ایس او نیوز/ایجنسی): وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مشہور میسورو دسہرہ صرف شان و شوکت کا مظاہرہ نہ بنے، بلکہ اس میں ریاست کی تاریخی، مذہبی اور تہذیبی وراثت کو بھی نمایاں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ غیر ضروری اخراجات سے گریز کرتے ہوئے عوامی سلامتی، سیاحوں کی سہولت، اور مقامی تہذیب کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

وزیراعلیٰ آج ودھان سودھا میں منعقدہ میسور دسہرہ کی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال دسہرہ تقریبات کا آغاز 22 ستمبر سے ہوگا اور وجے دشمی 2 اکتوبر کو منائی جائے گی۔ اس بار دسہرہ 11 دنوں تک منایا جائے گا، اور چونکہ اس سال بارش، فصل اور آبی ذخائر کی صورتحال بہتر ہے، اس لیے تہوار کو وسیع پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔

سدارامیا نے بتایا کہ گزشتہ برس 40 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا، اور اس سال بھی اتنی ہی رقم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کی مختلف اسکیموں اور محکموں کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے تصویری نمائش اور دستاویزی اسٹالز لگانے کی بھی ہدایت دی۔ اس بار چونکہ وجے دشمی یومِ گاندھی کے دن منائی جا رہی ہے، اس لیے نمائش میں گاندھیائی فلسفہ اور اصولوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

سیاحوں کی سہولت کے لیے بیت الخلا، پارکنگ اور رہنمائی مراکز کی تعداد بڑھانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرون شو کو مزید دلکش اور وسیع پیمانے پر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ سدارامیا نے کہا کہ گولڈ کارڈ کی تقسیم میں شفافیت برتی جائے اور کسی بھی بدانتظامی سے بچا جائے۔ پولیس اہلکاروں کو عوام دوست رویہ اپنانے اور سیاحوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے چامُنڈی پہاڑی اور کے آر ایس جانے والی سڑکوں کی فوری مرمت کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔ دسہرہ میں شامل لوک فن پاروں میں تنوع لانے، روشنی کی سجاوٹ کو جاذبِ نظر بنانے، اور عوامی ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے عوامی نشستوں کی تعداد میں کمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ دسہرہ پریڈ میں صرف ثقافتی گروپوں کو ہی شرکت کی اجازت ہوگی۔

سدارامیا نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس کی موجودگی ہر مقام پر ہو، مگر ان کا رویہ نرم اور تعاونی ہو۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ ریاست کی تہذیبی شناخت ہے، اس کی عظمت اور مقصدیت کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے لیے قابل رسائی رہیں اور تہوار کے دوران ترقیاتی کام بند نہ کیے جائیں۔

اس اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزراء ایچ سی مہادیوپا، کے جے جارج، جی ٹی دیوے گوڑا، تنویر سیٹھ، پشپا امرناتھ، ڈاکٹر یتیندرا، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انجم پرویز، چیف سکریٹری شالنی رجنیش، اے سی ایس گورو گپتا سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور عوامی نمائندے موجود تھے۔


Share: