ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دل کے دوروں کے باعث اچانک اموات کا کورونا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں: ماہر کمیٹی کی رپورٹ

دل کے دوروں کے باعث اچانک اموات کا کورونا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں: ماہر کمیٹی کی رپورٹ

Sun, 06 Jul 2025 00:12:14    S O News
دل کے دوروں کے باعث اچانک اموات کا کورونا ویکسین سے کوئی تعلق نہیں: ماہر کمیٹی کی رپورٹ

بنگلورو 5 جولائی (ایس او نیوز): کرناٹک حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی ماہر کمیٹی نے اپنی تفصیلی تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے یا ویکسین لینے اور نوجوانوں میں دل کے دورے سے اچانک اموات کے درمیان کوئی براہ راست تعلق ثابت نہیں ہوتا۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ شواہد اس نظریے کی بھی تائید نہیں کرتے کہ "لانگ کووِڈ" یعنی طویل مدتی کورونا اثرات، نوجوانوں میں دل کے اچانک مسائل کی وجہ بن رہے ہیں۔

اگرچہ کئی کارڈیالوجسٹ (ماہرینِ قلب) نے عالمی وبا کے بعد دل کے اچانک دوروں میں اضافے کی نشاندہی کی تھی، ماہر کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ رجحان صرف وبا کے فوراً بعد کے دور میں دیکھا گیا، جبکہ طویل مدت (ایک سال یا اس سے زائد) کے لیے ایسا کہنا درست نہیں ہوگا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "وبا ختم ہوئے تین سال ہو چکے ہیں، اس لیے طویل مدتی اثرات کی بنیاد پر کوئی تعلق قائم نہیں کیا جا سکتا۔"

ماہر کمیٹی نے دنیا بھر میں شائع شدہ مختلف تحقیقی مضامین کا جائزہ بھی لیا، لیکن بیشتر عالمی مطالعات میں بھی کووِڈ ویکسین اور دل کے اچانک مسائل کے درمیان کوئی واضح یا سائنسی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ اس کے برعکس، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "کووِڈ ویکسین کو طویل مدتی بنیادوں پر دل کی بیماریوں سے تحفظ فراہم کرنے والا عنصر قرار دیا گیا ہے۔"

یہ نتائج یکم اپریل 2025 سے 31 مئی 2025 کے درمیان سری جئے دیوا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیواسکولر سائنسز میں 45 سال سے کم عمر کے 251 مریضوں کا مطالعہ کرنے کے بعد اخذ کیے گئے۔ تحقیق کے دوران ہر مریض کی سابقہ کووِڈ انفیکشن، علامات، اسپتال میں داخلے، وینٹیلیٹر کی ضرورت، اور ویکسین کی تفصیلات (ڈوز کی تعداد، ویکسین کا برانڈ، اور کسی ممکنہ فوری ری ایکشن) کا تفصیلی ریکارڈ لیا گیا۔

اس ڈیٹا کا موازنہ اسی مرکز میں اپریل اور مئی 2019 کے درمیان کووِڈ سے قبل کے اعداد و شمار سے کیا گیا تاکہ واضح تجزیہ کیا جا سکے۔

عام خطرات میں اضافہ، اصل وجہ قرار: 
ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں اچانک دل کے دورے کی اصل وجوہات میں بلڈ پریشر، ذیابیطس، سگریٹ نوشی اور کولیسٹرول کی زیادتی جیسے عوامل کا بڑھنا ہے، نہ کہ کورونا یا اس کی ویکسین۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ “یہ ایک کثیر العوامل (multifactorial) مسئلہ معلوم ہوتا ہے، جس میں طرزِ زندگی، جینیاتی اثرات اور ماحولیاتی عناصر شامل ہیں۔”

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 2025 میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور ڈس لیپیڈیمیا (چربی سے متعلقہ خون کی بیماری) کے مریضوں کی شرح 2019 کے مقابلے میں زیادہ رہی، جس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وبا کے دوران طرزِ زندگی میں آنے والی تبدیلیاں یا جسمانی نظام میں پیدا ہونے والی پیچیدگیاں دل کی بیماریوں کے بڑھتے خطرات کا سبب بنی ہیں۔


Share: