ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت، ترقیاتی کاموں میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی: پریانک کھرگے

عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت، ترقیاتی کاموں میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی: پریانک کھرگے

Tue, 08 Jul 2025 11:11:12    S O News

بنگلورو، 8 جولائی (ایس او نیوز / ایجنسی)ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات، پنچایت راج اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جناب پریانک کھرگے نے ریاست میں جاری دیہی ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی پر سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے تمام ضلع پنچایت چیف ایگزیکٹیو آفیسرز (سی ای اوز) کو ہدایت دی ہے کہ وہ ترقیاتی کاموں کے معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لیں۔

بنگلورو میں منعقدہ ایک اہم ویڈیو کانفرنس کے دوران وزیر موصوف نے پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک تمام اضلاع کے سی ای اوز کے ساتھ تفصیلی گفت و شنید کی۔ اس اجلاس میں دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی، پنچایت راج انجینئرنگ، اور کرناٹک رورل انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

پریانک کھرگے نے حکم دیا کہ 15 جولائی سے 31 جولائی کے درمیان تمام سی ای اوز اپنے اضلاع کا تفصیلی زمینی دورہ کریں، ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں، جہاں کہیں کام تعطل کا شکار ہو وہاں فوری مداخلت کے ذریعے کام بحال کروایا جائے، اور اس کی تفصیلی رپورٹ اگست کے پہلے ہفتے تک حکومت کو پیش کی جائے۔

وزیر موصوف نے کلبرگی میں شروع کی گئی 'گرین پتھ' (سرسبز راہ) مہم کا حوالہ دیتے ہوئے ریاست بھر میں نریگا (مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی اسکیم) کے تحت شجرکاری مہم شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ جنگلات اور اسٹیٹ ریموٹ سینسنگ ایجنسی کے تعاون سے دیہی سڑکوں کے ایسے راستے منتخب کیے جائیں جہاں بارش کے دوران مؤثر شجرکاری کی جا سکے۔

مانسون کے پیش نظر پانی کی آلودگی کے خدشات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیر نے زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ آبی نمونے لیبارٹری میں ٹیسٹ کے لیے بھیجے جائیں اور تمام آبی ذخائر کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کہیں پانی کی آلودگی سے نقصان ہوا تو متعلقہ انجینئر، ایگزیکٹیو آفیسر اور پی ڈی او کو براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ بعض مقامات پر فضلہ اور کچرے کے نظم میں شدید خامیاں ہیں۔ اس پر پریانک کھرگے نے ضلع افسران کو ہدایت دی کہ مقامی حالات کے مطابق مؤثر فضلہ منیجمنٹ کے طریقے تجویز کریں اور انہیں رپورٹ کی شکل میں حکومت کو روانہ کریں۔

وزیر موصوف نے افسران پر زور دیا کہ عوامی شکایات اور عرضداشتوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے تاکہ دیہی عوام کا حکومت پر اعتماد بحال رہے اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت قائم ہو۔

اس اہم اجلاس میں حکومت کی ایڈیشنل چیف سکریٹری اُما مہادیون، محکمہ کے سکریٹری سمیر شکلا، پنچایت راج کمشنر ڈاکٹر اروندھتی چندرشیکھر، دیہی آبی فراہمی کے ڈائریکٹر ناگندر پرساد اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک رہے۔


Share: