ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / خواتین کی رازداری پر حملہ ناقابل برداشت، سائبر جرائم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی: وزیر اعلیٰ سدارامیا

خواتین کی رازداری پر حملہ ناقابل برداشت، سائبر جرائم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی: وزیر اعلیٰ سدارامیا

Thu, 10 Jul 2025 17:51:19    S O News

بنگلورو، 10 جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی): کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے خواتین کی رازداری، تحفظ اور وقار کے خلاف بڑھتے سائبر جرائم پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت ایسے مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر خواتین کے ساتھ ہراسانی، خفیہ ویڈیو بنانا اور ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی بلکہ قانوناً قابلِ سزا جرم ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے بدھ کے روز اپنے سرکاری "ایکس" (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ پر ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے جرائم کو سنجیدگی سے لیں اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنا کر انہیں مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر پھیلانے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جو نہ صرف آئینی اور قانونی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں بلکہ کرناٹک کی ثقافتی اقدار اور انسانی وقار کے بھی سراسر منافی ہیں۔

سدارامیا نے بتایا کہ حکومت نے ان واقعات میں ملوث کئی افراد کو فوری گرفتار کیا ہے، اور تمام متعلقہ سرکاری محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سائبر جرائم پر کڑی نظر رکھیں اور بلا تاخیر قانونی کارروائی کریں۔ انہوں نے مزید کہا، "اگر ہمارا سماج اس نہج پر پہنچ جائے کہ خواتین کو عوامی مقامات پر بھی خوف محسوس ہونے لگے، تو یہ ہم سب کے لیے تشویشناک لمحہ ہے۔ یہ صرف قانون کا معاملہ نہیں بلکہ ہمارے اخلاقی اور سماجی شعور کا بھی امتحان ہے۔"

وزیر اعلیٰ نے ریاست کے نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر غیر اخلاقی ویڈیوز، ہراسانی یا خواتین کی رازداری کی خلاف ورزی سے متعلق مواد دیکھیں تو فوراً اطلاع دیں۔ حکومت نے اس کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1930 اور مرکزی سائبر کرائم پورٹل www.cybercrime.gov.in دستیاب کرایا ہے، جہاں شکایات درج کی جا سکتی ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر سدارامیا نے دو ٹوک انداز میں کہا: "ریاست کی ہر بیٹی، بہن اور ماں کی عزت و سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم کسی بھی حال میں خواتین کے تحفظ سے سمجھوتہ نہیں کریں گے۔"


Share: