بنگلورو، 17 جون (ایس او نیوز / ایجنسی):ریاستی دارالحکومت بنگلورو میں عالمی یومِ ماحولیات 2025 کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ سدارامیا نے شرکت کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ پر زور دیا اور ریاستی حکومت کے اہم منصوبوں کا اعلان کیا۔
تقریب کا اہتمام محکمہ جنگلات و ماحولیات اور کرناٹک اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے کیا گیا تھا، جہاں ریاستی ماحولیاتی ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ ’’اگر ہم قدرت کی حفاظت کریں گے، تو قدرت ہماری حفاظت کرے گی‘‘۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ماحولیات کو اعلیٰ تعلیم کے نصاب میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے تاکہ نوجوان نسل میں ماحولیاتی شعور پیدا ہو اور وہ سائنسی و عملی معلومات حاصل کر سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، عوامی بیداری اور متعلقہ معلومات کی اشاعت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس سال کے ماحولیاتی نعرے ’’پلاسٹک کی آلودگی ختم کریں‘‘ کو ایک اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ مشکل ہے، مگر حکومت اس پر عمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ لالچ اور خود غرضی کے نتیجے میں قدرتی وسائل کو نقصان پہنچانا دراصل اپنی بربادی کو دعوت دینا ہے۔ مغربی گھاٹ، جنگلات، ندیوں اور حیاتیاتی تنوع کو محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سدارامیا نے بنگلورو کے ماحولیاتی مسائل کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ شہر میں روزانہ تقریباً 900 ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے، جس سے ماحول پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔
انہوں نے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کو ماحول کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ اب وقت ہے کہ آبادی پر کنٹرول اور ماحولیاتی تعلیم کو قومی ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کیمیائی کھادوں کے استعمال سے زمین کی زرخیزی میں کمی اور ریاست کے صحرا بننے کے خطرات سے بھی خبردار کیا۔
پلاسٹک کے استعمال پر روک لگانے اور متبادل ذرائع اپنانے پر زور دیتے ہوئے سدارامیا نے بتایا کہ بنگلورو میں ایک یونٹ پلاسٹک کو ری سائیکل کرکے بجلی پیدا کر رہا ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پودے لگائیں، پانی ضائع نہ کریں، پبلک ٹرانسپورٹ کو اپنائیں، اور قریبی سفر کے لیے سائیکل یا پیدل چلنے کو ترجیح دیں۔
وزیراعلیٰ نے ’میری سانس، میرا درخت‘ جیسے نعروں کے ذریعے عوامی بیداری مہم شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ حکومت ماحولیاتی انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزیر جنگلات ایشور کھنڈرے، وزراء بایریتی سریش، ڈاکٹر کے سدھاکر، پولوشن کنٹرول بورڈ کے صدر پی ایم نریندر سوامی، وزیراعلیٰ کے قانونی مشیر پونّنا، سیاسی مشیر نصیر احمد اور ایڈیشنل چیف سکریٹری انجُم پرویز بھی موجود تھے۔