ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی پارلیمان سے خطاب کریں گی

ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی پارلیمان سے خطاب کریں گی

Tue, 04 Apr 2017 17:16:36    S.O. News Service

کینبرا،4اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کینیڈا کی پارلیمان سے خطاب کریں گی۔ طالبان کے ایک حملے میں زخمی ہونے والی ملالہ یوسف زئی کو 2014ء نوبل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کی نوجوان کارکن ملالہ یوسفزئی ان کے ملک کی پارلیمان سے خطاب کریں گی۔ ٹروڈو کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس موقع پر ملالہ یوسفزئی کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی وصول کریں گی جو انہیں 2014ء میں دی گئی تھی۔جسٹن ٹروڈو کے مطابق انسانی حقوق کی 19 سالہ پاکستانی کارکن 12 اپریل کو کینیڈا کا دورہ کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کینیڈا کی پارلیمان سے خطاب کرنے والی نوجوان ترین شخصیت ہوں گی۔ پیر تین اپریل کو ٹروڈو نے مزید بتایا کہ ملالہ کے ساتھ وہ لڑکیوں کو تعلیم کے ذریعے خودمختار بنانے کے معاملے پر بات چیت بھی کریں گے۔

ملالہ یوسف زئی کی عمر اْس وقت 15 برس تھی جب طالبان عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا۔ پاکستانی علاقے سوات میں ملالہ یوسف زئی لڑکیوں اور خواتین کی تعلیم کی حمایت جاری رکھے ہوئی تھیں۔طالبان حملے کے بعد پہلے ان کا علاج پاکستان ہی میں کیا گیا تاہم ان کی نازک حالت کے باعث بعد ازاں انہیں برطانیہ کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ کی جدوجہد کو دنیا بھر میں سراہا گیا اور انہیں 2014ء کا نوبل امن بھی دیا گیا۔

ملالہ یوسفزئی ایسی محض چھ میں سے ایک شخصیت ہیں جنہیں کینڈا کی اعزازی شہریت سے نوازا گیا ہے۔


Share: