شموگہ 15/جنوری (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع شموگہ کے تِرتھہلی تعلقہ میں بھارتھی پورا کراس کے قریب کار اور کے ایس آر ٹی سی بس کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی موت واقع ہوگئی، جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کا شکار ہونے والا خاندان چکمگلورو ضلع کے شرنگیری کا رہائشی بتایا گیا ہے۔ سات افراد پر مشتمل یہ خاندان داونگیرے ضلع کے چنّاگیری میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گھر لوٹ رہا تھا۔ اسی دوران ان کی کار منگلورو سے رائچور جانے والی کے ایس آر ٹی سی بس سے ٹکرا گئی۔
جاں بحق افراد کی شناخت 70 سالہ فاطمہ اور ان کے پوتے پوتیاں ریحان (15)، راحل (9) اور زایان (12) کے طور پر کی گئی ہے۔ فاطمہ اور ریحان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ راحل اور زایان نے شموگہ کے اسپتال میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان دے دی۔
حادثے میں کار چلانے والے ریاض (35)، زرینہ (35) اور ان کی 12 سالہ بیٹی ریحہ زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے شموگہ کے میگن اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ پیر رات تقریباً 9:30 بجے اس وقت پیش آیا جب ریاض نے ایک موڑ پر سامنے سے آنے والی بس کو دیکھے بغیر دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔
اطلاع ملتے ہی تِرتھہلی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے بس ڈرائیور کے پی ششی کانتھ کے بیان کی بنیاد پر کار ڈرائیور کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے۔ دریں اثنا، ضلع شموگہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے جی کری اپا نے منگل کو دیگر پولیس افسران کے ساتھ جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔