منڈیا، 3 نومبر (ایس او نیوز )کرناٹک کے منڈیا ضلع کے شری رنگا پٹنم تعلقہ کے مہادیوپور گاؤں میں ہفتہ کے روز ایک نہایت دردناک سانحہ پیش آیا، جہاں ایک بچی کو بچانے کی کوشش میں مدرسہ ہاجرہ نسواں، شانت نگر (میسورو) کے پانچ معصوم طلبہ نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، مدرسہ ہاجرہ نسواں اور اسکول میسورو کے 15 طلبہ اور تین اساتذہ سیر و تفریح کے لیے مہادیوپور کے قریب نالے کے کنارے آئے ہوئے تھے۔ بچے کنارے پر کھیل رہے تھے کہ اسی دوران ایک 14 سالہ بچی کا پاؤں پھسل گیا اور وہ نالے میں گر گئی۔ اسے بچانے کے لیے چار دیگر بچے بھی پانی میں کود پڑے، مگر پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور فائر بریگیڈ کے عملے نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اب تک عائشہ اور ام ہانی (14 سالہ) کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں، جبکہ آلفیہ اور پروین(13 سالہ) کی تلاش بدستور جاری ہے۔ حادثے کے وقت پانی میں گرنے والی ایک بچی اور ایک بچے کو زندہ بچا لیا گیا تھا، تاہم آفرین (13 سالہ) نے اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ دیا۔ زخمی محمد غوث کے آر اسپتال میسور میں زیر علاج ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ چند ہی لمحوں میں پیش آیا، پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ بچوں کو سنبھالنا ممکن نہ رہا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی ہے۔ والدین اور اساتذہ غم سے نڈھال ہیں، جبکہ مقامی انتظامیہ اور پولیس موقع پر موجود رہ کر ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔