چکمگلورو، 7 / جنوری (ایس او نیوز) پیسہ کمانے کے لالچ میں اپنی نا بالغ بیٹی کو ہی جسم فروشی میں لگانے والے باپ اور اس دھندے کے سرغنہ بھرت شیٹی سمیت 12 ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق بھرت شیٹی منگلورو میں جسم فروشی کے دھندے کا سرغنہ ہے ۔ ایک باپ کے ذریعے اپنی بیٹی کو ہی جسم فروشی کے لئے استعمال کرنے کا یہ معاملہ چکمگلورو ضلع کے بیرور میں پیش آیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم باپ نے روزانہ پانچ ہزار کی کمائی کے لئے اپنی بیٹی کو اس پیشے میں لانے کا جرم قبول کیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ماں کے انتقال کے بعد یہ لڑکی اپنے رشتے دار کے گھر میں مقیم تھی ۔ پی یو سی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ اپنے والد کے گھر پر آ گئی تھی ۔ اس دوران دسمبر میں وہ اپنے والد کے ساتھ نانی کے گھر گئی تھی اور دو دن تک وہاں رہنے کے بعد واپس لوٹی تھی ۔ لیکن اس کے بعد جب وہ لڑکی اپنی نانی کے گھر گئی تھی تو وہاں آنے والے بھرت شیٹی نے لڑکی کے باپ اور بیٹی کے ساتھ دوستی کر لی اور انہیں اپنے گھر میں آ کر رہنے کے لئے آمادہ کیا ۔
بھرت شیٹی کے کہنے پر باپ اور بیٹی منگلورو میں واقع اس کے گھر پر آ گئے ۔ اس کے بعد بھرت شیٹی نے لڑکی پر دباو بناتے ہوئے اسے تین چار مردوں کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا ۔ دوسرے دن بھی اس کے ساتھ کچھ مرد جسمانی تعلقات قائم کرنے کے لئے آئے تو وہ اس پر راضی نہیں ہوئی مگر انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے بھرت شیٹی کو رقم دی ہے اس لئے ہم اپنا کام پورا کریں گے ۔ اس طرح اس کے ساتھ جنسی فعل کیا گیا ۔
لڑکی کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے لڑکی کے باپ، اس کی نانی اور اس دھندے کے سرغنہ بھرت شیٹی سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا ۔
پتہ چلا ہے کہ اڈپی اور منگلورو میں بھرت شیٹی پر جسم فروشی کا دھندہ چلانے کے 8 سے زائد معاملے درج ہیں ۔ پولیس نے مزید ملزمین کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا ہے ۔