ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بینگلورو : نائب وزیر اعلیٰ کا دعویٰ : بی جے پی کے دو گروہوں کی رسہ کشی میں دھرمستھلا بن گیا بلی کا بکرا

بینگلورو : نائب وزیر اعلیٰ کا دعویٰ : بی جے پی کے دو گروہوں کی رسہ کشی میں دھرمستھلا بن گیا بلی کا بکرا

Mon, 08 Sep 2025 17:58:33    S O News

بینگلورو، 8 / ستمبر (ایس او نیوز) ریاستی وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران دھرمستھلا تنازعے کے تعلق سے بی جے پی پر تیکھا وار کرتے ہوئے کہا کہ :" دھرمستھلا معاملے کی سازش رچنے والے بی جے پی کے ہی لوگ ہیں ۔ کھوپڑی کے خریدار کون ہیں ؟ بی جے پی کارکنان ہی ہیں نا!"
    
ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ " اگر دھرمستھلا کا نام خراب ہوتا ہے تو اس کا سبب صرف بی جے پی کے لیڈر اور ان کی پارٹی ہے ۔ اس معاملے کے حقائق سامنے لانے والے ہم لوگ ہیں ۔ عوام کو یہ بات معلوم ہے کہ بی جے پی کے دو گروہوں کی رسہ کشی میں دھرمستھلا معاملے کو گھسیٹا جا رہا ہے ۔"
    
بانو مشتاق کو دسہرہ تقریب کا افتتاح کرنے کے لئے مدعو کرنے کے خلاف اٹھے ہوئے سوالوں کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ زندہ ہیں ، اس لئے انہوں نے اس کے خلاف ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے، وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اس کا جواب دے دیا ہے ۔ پرتاپ سنہا کو بی جے پی والوں نے ہی کنارے کر دیا ہے ۔ اس بے چارے کو بھی تو سیاست کرنا ہے ۔ اس لئے اپنی موجودگی دکھانے کے لئے وہ اس طرح کے کام کر رہے ہیں ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کو دسہرہ معاملے کی تفتیش کرتے ہوئے مناسب فیصلہ سنانے دیا جائے ۔ یہ ہماری ریاست کا تہوار ہے ، بی جے پی کے پاس سیاست کرنے کے لئے اس کے علاوہ کوئی موضوع نہیں ہے ۔ اگر انہیں ریاستی معاملات کی اتنی ہی فکر ہے تو دہلی جا کر مرکزی حکومت پر دباو بناتے ہوئے بینگلورو کی ترقی کے لئے فنڈ، میکا داتو، مہادائی جیسے منصوبوں کے لئے اجازت اور نریگا کے لئے فنڈ حاصل کریں ۔ یہ سب چھوڑ کر اس طرح کی کھوکھلی باتیں کرنے کا کچھ فائدہ نہیں ہے ۔ 
    
بلدی اداروں کے انتخابات میں ای وی ایم کے بجائے خفیہ پرچی (بیلیٹ پیپر) کے استعمال کے تعلق سے ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ بی جے پی نے جو قانون بنایا تھا اس کی تفصیل ایک دو دن میں سامنے لاوں گا ۔ ان کے بنائے ہوئے قانون میں اس مرتبہ مشین یا بیلیٹ پیپر استعمال کرنے کی بات کہی گئی ہے ۔ اگر انہی کے بنائے ہوئے قانون کے مطابق ہم عمل کریں تو اس میں کیا برائی ہے ؟


Share: