بنگلورو، 7 /اکتوبر (ایس او نیوز / ایجنسی) ریاست میں جاری تعلیمی، سماجی و اقتصادی گھر گھر سروے کی مدت میں 18 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے پیر کو بنگلورو سے ریاستی افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی نمائندہ تنظیموں کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 ستمبر سے شروع ہونے والا سروے آج مکمل ہونا تھا، مگر کئی اضلاع میں کام باقی ہے۔ ضلع کوپل میں 97 فیصد کام مکمل ہوا ہے، جبکہ جنوبی کنڑا میں صرف 67 فیصد۔ اس فرق کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مزید 10 دن کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس عرصے میں سرکاری اور امدادی اسکولوں کو 8 ورکنگ ڈیز کی تعطیل دی گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ پی یو سی لیکچررز کو سروے کے فرائض سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے کیونکہ 12 اکتوبر سے ان کے اداروں میں وسط مدتی امتحانات شروع ہو رہے ہیں۔
ریاست بھر میں تقریباً 1.20 لاکھ اساتذہ اور 1.60 لاکھ سرکاری عملہ سروے میں مصروف ہے۔ صرف بنگلورو شہر میں 6700 اساتذہ سروے کے کام میں شریک ہیں، جہاں 46 لاکھ مکانات کا اندراج کیا جانا ہے۔ ہر استاد کو روزانہ 10 تا 15 گھروں کا سروے مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے افسوس ظاہر کیا کہ سروے کے دوران تین اساتذہ کی موت واقع ہوئی، جن کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جو ملازمین سروے میں تعاون نہیں کریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا کہ جی بی اے (گریٹر بنگلورو اتھارٹی) حدود میں سروے تاخیر سے شروع ہوا کیونکہ انتخابی کمیشن اور دیگر سرکاری سرگرمیوں کی مصروفیات جاری تھیں، اسی لیے یہاں پیش رفت نسبتاً کم ہے۔