ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کمزور طبقات کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری، سدارامیا

کمزور طبقات کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری، سدارامیا

Sat, 30 Aug 2025 19:36:10    S O News

بنگلورو، 30 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی): وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ ریاست میں اب بھی ذات پات کا نظام موجود ہے اور کمزور طبقات اس کی وجہ سے تعصب اور زیادتیوں کا شکار ہیں۔ ایسے معاملات کو پولیس کو انتہائی سنجیدگی سے لینا چاہیے اور مظلوم طبقات پر ہونے والے ظلم و زیادتی کو روکنا پولیس کا اولین فرض ہے۔

وزیراعلیٰ یہ بات آج راج بھون میں محکمہ پولیس کی جانب سے نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران کو صدر جمہوریہ پولیس میڈل عطا کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر ضلع میں ڈی سی آر آئی پولیس اسٹیشنز قائم کیے ہیں، تاہم حالیہ جائزہ اجلاس میں ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں پائی گئی۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے میں حکومت کے مقصد کو کامیاب بنانے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے مقابلے کرناٹک میں درج فہرست ذاتوں اور قبائل پر ہونے والے مظالم کے مقدمات میں سزا کی شرح کم ہے، جس پر پولیس کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس کا اصل فریضہ صرف امن و قانون قائم رکھنا ہی نہیں بلکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت بھی ہے۔ بروقت پیشگی اقدامات کے ذریعے کئی جرائم کو روکا جا سکتا ہے۔

سدارامیا نے کہا کہ پولیس کو اپنی سماجی ذمہ داری نبھانی ہوگی تاکہ معاشرے میں امن قائم ہو۔ پولیس آئین کی روح کے مطابق مساوات قائم کرنے اور کمزور طبقات کو تحفظ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طاقتور طبقے کے ہاتھوں میں سارا اختیار ہونے کی صورت میں کمزور طبقات کی زندگی اجیرن بن جائے گی، اس لیے پولیس کو چاہیے کہ وہ مظلوم طبقات پر ہونے والے ظلم کو روکے اور عام آدمی کو انصاف دلائے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پولیس کے کام کا اندازہ ان کی تعداد سے نہیں بلکہ اس بات سے لگایا جانا چاہیے کہ انہوں نے کتنے جرائم پر قابو پایا۔ آج جن افسران و اہلکاروں کو اعزازات ملے ہیں، ان کی کامیابیاں دوسروں کے لیے مشعل راہ بننی چاہئیں۔ پولیس کو سماجی برائیوں کا حل تلاش کرنے اور بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل خود احتسابی کرنی ہوگی۔

اس موقع پر ریاستی گورنر تھاورچند گہلوٹ، وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور، ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایم اے سلیم اور دیگر موجود تھے۔


Share: