بینگلور، 28 اکتوبر (ایس او نیوز): ریاست کرناٹک میں عوامی مقامات پر تمباکو و سگریٹ نوشی پر پابندی کے تحت اپریل سے ستمبر 2025 کے دوران تقریباً 1 لاکھ 82 ہزار افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اس بات کی اطلاع خواتین و اطفال پر ظلم و زیادتی سے متعلق کمیٹی کی سفارشات کے نفاذ کے چیئرمین وی ایس اُگرپّا نے دی.
انہوں نے بتایا کہ اسکول اور کالجوں کے 100 میٹر کے دائرے میں 2470 افراد پر بھی کارروائی کی گئی، جس سے سالانہ تقریباً 45 لاکھ روپے جرمانے کی مد میں جمع ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 21 سال سے کم عمر نوجوانوں کو تمباکو اور شراب نوشی سمیت منشیات کی لت سے دور رکھنے کے لیے مختلف بحالی مراکز کے ذریعے کونسلنگ کرتے ہوئے ایک لاکھ نوجوانوں کو مشاورت فراہم کی گئی ہے، جبکہ ٹیلی مینس 14416 ہیلپ لائن بھی فعال کی گئی ہے۔ انہوں نے الیکٹرانک میڈیا کو ہدایت دی کہ وہ ریپ، خواتین پر تشدد اور خودکشی جیسے معاملات کو سنسنی خیز انداز میں پیش نہ کریں، بلکہ پریس کونسل آف انڈیا کی ہدایات پر عمل کریں۔
ایسے معاملات میں خواتین کی توہین آمیز نمائندگی پر "Indecent Representation of Women (Prohibition) Act 1986" کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔