ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سعودی عرب میں ہوئے بھیانک بس حادثے میں کرناٹک کا ایک رہائشی بھی جاں بحق — مرنے والوں کی تعداد 45

سعودی عرب میں ہوئے بھیانک بس حادثے میں کرناٹک کا ایک رہائشی بھی جاں بحق — مرنے والوں کی تعداد 45

Tue, 18 Nov 2025 00:22:30    S O News
سعودی عرب میں ہوئے بھیانک بس حادثے میں کرناٹک کا ایک رہائشی بھی جاں بحق — مرنے والوں کی تعداد 45

ہبلی 17/نومبر (ایس او نیوز) اتوار اور پیر کی درمیانی رات قریب ڈیڑھ بجے سعودی عرب کی مکہ–مدینہ شاہراہ پر پیش آنے والے ایک خوفناک بس حادثے میں جن 40 سے زائد عمرہ زائرین کی موت کی اطلاع موصول ہوئی تھی، بتایا جارہا تھا کہ ان کا تعلق زیادہ تر تلنگانہ اور حیدرآباد سے ہے، تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک شدگان میں ریاست کرناٹک کے ہبلی کا ایک شخص بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ سے مدینہ کی زیارت کے لیے روانہ ہونے والی ایک بس مدینہ سے تقریباً 25 کلو میٹر کے فاصلے پر ڈیزل سے بھری ایک ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ شدتِ ٹکر سے ڈیزل ٹینک پھٹ گیا اور پوری بس آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں بس پر سوار بھارت کے تقریباً 45 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ہبلی کے گنیش پیٹے کے رہائشی عبدالغنی شيرہٹی (52) بھی شامل ہیں، جو دبئی سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ پہنچے تھے۔

کئی برسوں سے دبئی میں ملازمت کرنے والے عبدالغنی 9 نومبر کو عمرہ کے لیے دبئی سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ تلنگانہ کے کچھ دوستوں نے انہیں اپنے ساتھ عمرہ پر چلنے کی دعوت دی تھی، اور وہ انہی کے ساتھ اسی بدقسمت بس میں سفر کر رہے تھے۔ مرحوم اپنے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑ گئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہبلی کے گنیش پیٹے میں واقع ان کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

خبر پہنچتے ہی کانگریس کے ضلع صدر الطاف ہلّور مرحوم کے گھر پہنچے اور اہلِ خانہ سے تعزیت کی، نیز وزیر سنتوش لاڈ سے متاثرہ خاندان کی فوری امداد کی درخواست کی۔ اطلاعات کے مطابق کرناٹک کے وزیر ضمیر احمد نے مرحوم کے اہلِ خانہ کے لیے مدینہ تک سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے عبدالغنی کی اہلیہ اور بچوں کے لیے فلائٹ ٹکٹ سمیت مدینہ میں تدفین کے تمام انتظامات مکمل کردیے ہیں۔ عبدالغنی ابوظبی کے ایک انٹرنیشنل ہوٹل میں ڈرائیور کی حیثیت سے ملازم تھے۔

واضح رہے کہ اس سانحے میں سب سے زیادہ ہلاک شدگان کا تعلق حیدرآباد سے ہے، جن میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد بھی شامل ہیں۔

تلنگانہ حکومت کی جانب سے مالی امداد: تلنگانہ حکومت نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے ریاستی عمرہ زائرین کے اہلِ خانہ کے لیے فی کس پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔

حکومتی وفد سعودی عرب روانہ: ریاست کے وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین کی سربراہی میں ایک سرکاری وفد کو سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وفد میں AIMIM کے اراکینِ اسمبلی اور اقلیتی بہبود کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے۔ سعودی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ تمام ہلاک شدگان کی تدفین اُن کی مذہبی روایات کے مطابق مقامی سطح پر ہی کی جائے۔

بھارتی سفارت خانہ سرگرم: حادثے کے بعد جدہ میں بھارتی قونصلیٹ جنرل متحرک ہوگیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کی سہولت کے لیے 24×7 ہیلپ لائن 8002440003 جاری کی گئی ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی سمیت مرکزی حکومت کے متعدد وزراء نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


Share: