ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / نریگا غریبوں کا آئینی حق ہے، اسے ختم کرنے نہیں دیں گے: پریانک کھرگے

نریگا غریبوں کا آئینی حق ہے، اسے ختم کرنے نہیں دیں گے: پریانک کھرگے

Wed, 17 Dec 2025 18:44:20    S O News

بیلگاوی/ بنگلورو ، 17/ دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کرناٹک کے وزیر برائے دیہی ترقیات، آئی ٹی و بی ٹی پریانک کھرگے نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (نریگا) کو بتدریج کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو نہ صرف مہاتما گاندھی کے نام بلکہ ان کے سوراج کے تصور کے بھی منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران نریندر مودی حکومت نے نریگا کے تحت کرناٹک کو فراہم کیے جانے والے انسانی دنوں (مین ڈیز) میں نمایاں کمی کی ہے۔ سال 2023-24 میں جہاں ریاست کو تقریباً 14 کروڑ انسانی دن فراہم کیے گئے تھے، وہیں 2024-25 میں یہ تعداد گھٹا کر 13 کروڑ کر دی گئی، جبکہ 2025-26 میں اسے مزید کم کر کے صرف 9 کروڑ انسانی دن تک محدود کر دیا گیا۔ اس طرح تین برسوں میں مجموعی طور پر 6 کروڑ انسانی دن کرناٹک سے چھین لیے گئے۔

مسٹر پریانک کھرگے نے کہا کہ نریگا محض ایک فلاحی اسکیم نہیں بلکہ غریبوں کا آئینی حق برائے روزگار ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں صرف کرناٹک میں 80.25 لاکھ غریب خاندانوں کو اس اسکیم کے تحت روزگار فراہم کیا گیا، جن میں 25.63 لاکھ درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور 9.48 لاکھ درج فہرست قبائل (ایس ٹی) سے تعلق رکھنے والے خاندان شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2023 سے اب تک ریاست بھر میں 21 ہزار 411 کروڑ روپے کے خرچ سے 15.94 لاکھ سے زائد دیہی اثاثے تخلیق کیے گئے ہیں، جو اس اسکیم کی افادیت اور زمینی اثرات کا واضح ثبوت ہیں۔

پریانک کھرگے نے الزام لگایا کہ ایک انقلابی اور حقوق پر مبنی اسکیم کو مرکزی حکومت چند افسران کی صوابدید پر چلنے والے پروگرام میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاتما گاندھی کے نام کے ساتھ ساتھ ان کے خود انحصاری اور سوراج کے نظریے کو بھی مسخ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کے غریب مخالف اقدامات کے خلاف کرناٹک حکومت ہر ممکن سطح پر جدوجہد کرے گی اور نریگا جیسے عوامی فلاحی منصوبے کے تحفظ کے لیے پیچھے نہیں ہٹے گی۔


Share: