ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / الیکشن کمیشن پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام: پریانک کھرگے کا بیان

الیکشن کمیشن پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام: پریانک کھرگے کا بیان

Mon, 22 Sep 2025 11:20:33    S O News

بنگلورو، 22؍ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی):ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایت راج، پریانک کھرگے نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن جان بوجھ کر عوام کو گمراہ کر رہا ہے اور ضروری معلومات فراہم کرنے کے بجائے جھوٹ بول رہا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاستی سی آئی ڈی کو اب تک وہ معلومات نہیں دی گئی ہیں جن کی بار بار یاد دہانی کرائی گئی تھی۔ پریانک کھرگے کے مطابق چیف الیکٹورل آفیسر، کرناٹک کے دفتر نے 14 مارچ 2025 کو ایک یاد دہانی خط بھیجا تھا، جس میں وضاحت طلب کی گئی تھی کہ کیا این وی ایس پی اور وی ایچ اے ایپس و پلیٹ فارمز پر او ٹی پی یا ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن کی سہولت دستیاب ہے؟ اسی طرح درخواست اپ لوڈ کرتے وقت آتھنٹیکیشن کی سہولت دی جاتی ہے یا نہیں؟ اگر او ٹی پی موجود ہے تو کیا وہ لاگ اِن کے وقت استعمال ہونے والے موبائل نمبر پر بھیجا جاتا ہے یا فارم میں درج نمبر پر یا دونوں پر؟

انہوں نے مزید کہا کہ انڈین ایویڈنس ایکٹ 1872 کی دفعہ 65B کے تحت وہ سرٹیفکیٹ فراہم کرنا لازمی ہے جس میں یہ وضاحت ہو کہ لاگس کس کی قانونی نگرانی میں تیار ہوئے اور کس نے انہیں تحقیقاتی ایجنسی کو مہیا کیا۔ اسی طرح کمیشن سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ این وی ایس پی، وی ایچ اے اور گڑوڈا ایپ کے استعمال کی مرحلہ وار وضاحت عوامی اور ووٹر کے نقطۂ نظر سے فراہم کرے۔

پریانک کھرگے نے الزام لگایا کہ بار بار یاد دہانی کے باوجود الیکشن کمیشن نے تعاون نہیں کیا اور عوام کو یہ کہہ کر گمراہ کیا کہ تمام تفصیلات تحقیقاتی ایجنسیوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل شفافیت کے تقاضوں کے خلاف ہے اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔
 


Share: