ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ہندو مذہب کی شناخت ظاہر کرنے کی تجویز پر لنگایت پنچمسالی پیٹھہ کے سربراہ کو برطرف کرنے کا فیصلہ

ہندو مذہب کی شناخت ظاہر کرنے کی تجویز پر لنگایت پنچمسالی پیٹھہ کے سربراہ کو برطرف کرنے کا فیصلہ

Mon, 22 Sep 2025 13:09:42    S O News

باگلکوٹ ، 22/ستمبر (ایس او نیوز ) اکھیل بھارت لنگایت پنچمسالی ٹرسٹ نے  شری بسوا جیا مرتھن جے سوامی جی کو لنگایت پنچمسالی پیٹھہ کے پجاری یا سربراہ کی ذمہ داری سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

Sri-Basava-Jaya-Mrutyunjaya-Swami

ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری نیل کنتھ آسوتی نے کُڈلاسنگما میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ فیصلہ اتوار کو ایگزیکٹو میٹنگ میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب سوامی جی پیٹھہ کے سربراہ نہیں رہے۔

جب ان سے وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بتایا کہ سوامی جی نے ہبلی  میں ایک میٹنگ کے دوران پنچمسالی کمیونٹی کے لوگوں کو ہندو مذہب کے طور پر اپنی شناخت ظاہر کرنے کی تجویز دی تھی، جو ٹرسٹ کے اصولوں کے خلاف ہے اور بسوا کے اصولوں کے بھی متصادم ہے۔

دوسری جانب ٹرسٹ کے چیئر مین اور ہونگونڈ کے رکن اسمبلی وِجَے آنند کاشپنور نے بتایا کہ سوامی جی کو ذاتی جائیداد بنانے سے روکنے کا ایک اصول موجود ہے۔ "تاہم، اس اصول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سوامی جی نے ہبلی ، بیلگاوی اور بنگلورو میں جائیدادیں بنائیں۔ ہم جلد ان تفصیلات کو ظاہر کریں گے۔"

کاشپنور نے مزید کہا کہ کچھ مفاد پرست افراد انہیں 2A ریزرویشن کے احتجاج کو دبانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور نسلی مردم شماری میں لنگایت پنچمسالی کو ہندو کے طور پر شناخت دینے کی تجویز ایک سازش کا حصہ ہے۔اس معاملے پر سوامی جی سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔


Share: