بنگلورو، 10؍ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) نیپال میں طلبہ اور نوجوانوں کی ملک گیر اچانک اور بڑے پیمانے پر بھڑک اُٹھی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ اس تحریک کے سبب نیپال کے مختلف شہروں میں بدامنی پھیل گئی ہے، جس کے اثرات دارالحکومت کٹھمنڈو کے ہوائی اڈے پر بھی دیکھنے کو ملے، جہاں کرناٹک کے 39 شہری پھنس کر رہ گئے ہیں۔
اس معاملے پر وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ریاست کی چیف سکریٹری شالنی رجنیش کو ہدایت دی کہ تمام متاثرہ کنڑ باشندوں کی بحفاظت واپسی کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں۔
ذرائع کے مطابق چیف سکریٹری نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کر دیا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ کٹھمنڈو ایئرپورٹ پر محصور تمام شہریوں کو جلد از جلد ریاست واپس لایا جائے۔