چکبالاپور، 26 دسمبر (ایس اونیوز):کرناٹک کے چکبالاپور میں ٹپر لاری اور بائک کے درمیان پیش آئے خوفناک تصادم میں بائک پر سوار چاروں نوجوان ہلاک ہوگئے۔ یہ دلخراش واقعہ جمعرات کی دیر رات پیش آیا، جس کے ساتھ ہی کرسمس کا تہوار پل بھر میں ماتم میں بدل گیا۔
یہ حادثہ اجّوارا گیٹ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب کرسمس کے موقع پر چرچ میں منعقدہ تقریبات میں شرکت کے بعد چاروں نوجوان ایک ہی بائک پر سوار ہوکر اپنے آبائی گاؤں اجّوارا واپس لوٹ رہے تھے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت منوج، ارون، نرسمہا مورتی اور نندیش کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں نرسمہا مورتی اور نندیش آپس میں سگے بھائی تھے۔ بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی ان کی بائک نیشنل ہائی وے پر آگے بڑھی، چند ہی لمحوں میں انہیں دائیں جانب مڑ کر اجّوارا گاؤں کی طرف جانا تھا، تاہم اسی دوران مخالف سمت سے تیز رفتار ٹپر لاری نے بائک کو روند ڈالا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بائک مکمل طور پر چکنا چور ہوگئی اور اس پر سوار چاروں نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق تمام جاں بحق نوجوان مزدوری کا کام کرتے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی چکبالاپور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کشَل چوکسی اور چکبالاپور دیہی پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچے اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں لاشوں کو چکبالاپور ضلع اسپتال کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد ٹپر لاری کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے ٹپر کو ضبط کر لیا ہے اور مفرور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ اس معاملے میں کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ نرسمہا مورتی کی شادی کو صرف چھ ماہ ہی ہوئے تھے۔ چار نوجوانوں کی ایک ساتھ موت سے اہلِ خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے، جبکہ اجّوارا گاؤں میں سوگ اور ماتم کا ماحول چھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چکبالاپور، بنگلورو سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔