یادگیر، 29 مارچ (ایس او نیوز): گرمی سے راحت پانے کے لیے تالاب میں نہاتے وقت چار کمسن بچے زرعی تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہونے کا المناک واقعہ ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے شورپور تعلقہ کے نگانور گاؤں میں اتوار کو پیش آیا، جس کے بعد پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔
ذرائع کے مطابق اتوار کے روز اسکول میں چھٹی ہونے کے باعث بچے کھیلتے کھیلتے تالاب کے قریب پہنچ گئے اور گرمی کی شدت سے راحت حاصل کرنے کے لیے اس میں نہانے اتر گئے۔ تاہم تالاب کی گہرائی اور خطرے کا اندازہ نہ ہونے کے سبب چاروں بچے پانی میں ڈوب گئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت کرن (6 سال)، بسما (11 سال)، شرتھ (6 سال) اور ہنومیش (7 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ تمام بچے ایک ہی گاؤں کے رہنے والے اور آپس میں دوست تھے، جن کی اچانک موت نے نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ پورے گاؤں کے لوگوں کو غم سے نڈھال کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، گاؤں کے لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور بچوں کو بچانے کی کوشش کی، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ بچوں کی لاشیں دیکھ کر والدین پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا اور ان کے بین و بکا سے فضا سوگوار ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ زرعی تالاب کسانوں کی سہولت کے لیے بنایا گیا تھا، تاہم اس کے اطراف کسی قسم کی حفاظتی باڑ یا انتظام نہ ہونے کے باعث یہ معصوم بچوں کے لیے موت کا کنواں ثابت ہوا۔ مقامی افراد نے اس واقعہ کے بعد شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے تالابوں کے اطراف فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے دلخراش حادثات کو روکا جا سکے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کمبھاؤی پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔